لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا بیانیہ سرچڑھ کر بول رہا ہے جبکہ نواز شریف کے موقف کی تصدیق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سینیٹر فرحت اللہ اور چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے سینٹ کے اختتامی اجلاس میں بھی کر دی ہے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سینٹ کی چیئرمین شپ کیلئے ضمیر فروش اور اراکین اسمبلی کے سوداگر اکھٹے ہو گئے ہیں اور یہ چیزیں عوام کو صاف دکھائی دے رہی ہیں انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کے نتائج عوام الیکشن 2018ءمیں بھی دیکھ لیں گے انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے اراکین اسمبلی نے سینٹ الیکشن میں اپنے ضمیر کی قیمت لگوائی اور ضمیر کو فروخت کیا رانا ثناءاللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایک دوسرے کے اراکین اسمبلی کو خریدنے کے حوالے سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہیںایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن الیکشن 2018ءسی پیک منصوبے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بعد اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی ۔