اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )فاٹا سے 6 آزاد سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔فاٹا کے سینٹرز اورنگزیب اورکزئی نے اپنے جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ فاٹا کے 6 آزاد سینیٹ اراکین پیپلز پارٹی کی حمایت کی خبروں کی تردید کرتے ہیں ۔ہم نے اپنے تین مطالبات رکھے ہیں۔ ہم فاٹا سینٹرز کیلئے ڈپٹی
چئیرمین کا عہدہ اور چار مضبوط قائمہ کمیٹیوں کی چئیرمین شپ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ہمارا تیسرا مطالبہ ہے کہ فاٹا اصلاحات کو فاٹا کے عوام اور ارکان پارلیمنٹ کی مرضی سے کیا جائے۔ان مطالبات کے حوالے سے ہمارے دروازے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے لئے کھلے ہیں۔اس سے قبل فاٹا ارکان نے ڈاکٹر قیوم سومرو کے دعوے کی تردید کی کہ وہ آصف علی زرداری کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ارکان سینیٹ فاٹا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ہمیں تاحال عشائیہ میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔