Monday January 20, 2025

پی ٹی ایم خاتون رہنما گلالئی اسماعیل پراسرار انداز میں بیرون ملک فرار، امریکا میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

لاہور: گلالئی اسماعیل پراسرار انداز میں بیرون ملک فرار، امریکا میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی، پی ٹی ایم خاتون رہنما کو رواں برس کے آغاز میں رہا کیا گیا تھا، ملک کے کسی بھی ائیرپورٹ پر ان کی بیرون ملک روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، مبینہ طور پر افغانستان کے راستے فرار ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق متنازعہ تنظیم پی ٹی ایم سے وابستہ خاتون رہنما گلالئی اسماعیل بیرون ملک فرار ہو گئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ گلالئی اسماعیل کو ریاست اور پاک فوج کیخلاف زہر اگلنے اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں رواں برس کے آغاز میں انہیں رہا بھی کر دیا گیا تھا۔ گلالئی اسماعیل کا نام ای سی ایل میں شامل تھا اور وہ کسی صورت پاکستان سے باہر نہیں جا سکتی تھیں۔ تاہم اب وہ پراسرار انداز میں بیرون ملک فرار ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے کسی بھی ائیرپورٹ پر گلالئی اسماعیل کی بیرون ملک روانگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ زمینی راستے کے ذریعے بیرون ملک فرار ہوئی ہیں۔ ذرائع دعویٰ کرتے ہیں کہ گلالئی اسماعیل ممکنہ طور پر افغانستان کے راستے بیرون ملک فرار ہوئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گلالئی اسماعیل کو ایک منظم انداز میں بیرون ملک فرار کروایا گیا۔ وہ پاکستان میں مسلسل برقعہ زیب تن کیے ہوئے تھیں اور انہیں آہستہ آہستہ کئی روز کی کوششوں کے بعد بیرون ملک فرار کروایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گلالئی اسماعیل امریکی میں مقیم اپنی بہن کے پاس پہنچ چکی ہیں۔ گلالئی اسماعیل نے امریکا میں پہنچتے ہی سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے دی ہے۔

FOLLOW US