مظفرآباد (نیوزڈیسک) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سعودی تنصیبات پر حملہ عرب جغرافیہ تبدیلی کا قدم ہے، آرٹیکل 370 کی تبدیلی مودی کے پارٹی منشور میں تھی، ہمارے حکمران آرٹیکل 370 کے خاتمہ پراحتجاج سے گریزاں ہیں، وزیراعظم پہلے کہتا ایل اوسی جانے کیلئے حکم کا انتظارکرنا، اب کہتا ایسا عمل کشمیریوں
اور پاکستانیوں پر ظلم ہوگا۔ انہوں نے آج مظفرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی تنصیبات پر حملہ عرب جغرافیہ تبدیل کرنے کی جانب قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت اب نہیں بچے گی، پورا ملک حکومت کے خاتمے کیلئے اسلام آباد جائے گا۔ حکومت کے خلاف دھرنے کی تاریخ کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنا مودی کی الیکشن مہم کا حصہ تھا۔ ہمارے وزیراعظم کہتے رہے کہ مودی الیکشن جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل کرے گا۔ ہمارے وزیراعظم کوتوپتا ہی نہیں مسئلہ کشمیر ہے کیا؟ فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں آرٹیکل 370 ختم کرنے کے خلاف قرارداد شامل نہ کرکے عوامی نمائندوں کو اس سے لاعلم رکھا گیا۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے سامنے کہا کہ پاکستانی سرزمین دہشتگردی کیلئے ایران کیخلاف استعمال ہوتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چند روز پہلے کہا کہ ایل اوسی جانے کیلئے میرے حکم کا انتظار کرنا لیکن اب کہتا کہ مقبوضہ کشمیر اگر گئے تو کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ساتھ ظلم ہوگا۔ یہاں
سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایسا وزیراعظم جو مستقل مزاج نہیں وہ ہمارا مقدمہ کیسے لڑے گا؟ میں کہتا ہوں کہ اگر کسی کو قوم کو وعدہ معاف گواہ چاہیے تو ہم اپنا جعلی وزیراعظم پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسی سے کشمیر عملی طور پر الحاق کی طرف ایک قدم نہیں بڑھا۔ میں نے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے۔ کشمیریوں کو مایوس نہیں ہونے دینگے۔ پاکستان کے عوام، علماء، مذہبی طبقہ کشمیریوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہے۔ سب معلوم ہوتے ہوئے بھی حکمرانوں نے گونگے بہرے کا کردار ادا کیا۔ ہمارا حکمران کہہ رہا تھا مودی کامیاب ہوگا تو مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی۔ ہمارے حکمران آرٹیکل 370 کے خاتمہ پراحتجاج سے گریزاں ہیں۔