Monday January 20, 2025

نیب ٹیم کا بنی گالامیں موجود خورشید شاہ کی رہائشگاہ پر چھاپہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیب ٹیم نے خورشید شاہ کے بنی گالہ والے گھر پہ چھاپہ مارا ہے۔ نیب ٹیم نے پورے گھر کی تلاشی لی جبکہ پیپلز پارٹی رہنما کے ذاتی استعمال میں رہنے والے کمرے کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔نیب راولپنڈی کی جانب سے آج سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کو سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی درخواست دی گئی جس پر جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ سکھر جانے میں کتنا وقت لگ جاتا ہے؟ جس پر خورشید شاہ نے عدالت کو بتایا کہ آج صبح سکھر کی فلائٹ تھی اور کل بھی ہوگی جس پر تفتیشی افسر نیب نے عدالت سے کہا کہ 3 دن کا راہداری ریمانڈ دے دیں،

ہم پہلی دستیاب فلائٹ سے انہیں سکھر لے جائیں گے۔تاہم عدالت نے 2دن کا رہداری ریمانڈ دے کر سکھر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کو گذشتہ روز نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا تھا۔ آج شام سید خورشید شاہ کی جیل میں طبیعت بھی خراب ہوگئی تھی، خورشید شاہ کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، خورشید شاہ کا بلڈ پریشراور شوگر لیول معمول سے زیادہ ہے اور معدے کی تکلیف بھی ہے۔نیب حکام نے خورشید شاہ کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ واضح رہے نیب نے سید خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثوں اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے خورشید شاہ کو احتساب عدالت میں گلے لگا لیا اور خورشید شاہ نے کہا کہ جب کچھ غلط نہیں کیا تو گھبرانا کس چیز کا ہے۔

FOLLOW US