اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست کا بھارتی اقدام سولہ دسمبر سے کم نہیں،کشمیر کے لئے ہم سب اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالا ہو کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،دنیا اخلاقی معاملات پہ اقتصادی معاملات کو ترجیح دے رہی ہے،آج کشمیر پر مضبوط ڈپلومیسی کی ضرورت
ہے،اگر معاملہ پر او آئی سی نہیں کوئی کردار ادا کرتا تو پھر ہمیں اس مردہ فورم کا حصہ رہنے کی ضرورت نہیں۔ بدھ کو یہاں کشمیر پارلیمانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میرے نزدیک پانچ اگست کا بھارتی اقدام سولہ دسمبر سے کم نہیں۔ انہوںنے کہاکہ ،اس روز ہمارے نونہالوں اور پاکستان کے مستقبل پہ حملہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ تین گھنٹے کے اندر وزیر اعظم نے تمام سیاسی قیادت کو اکٹھا کیا،قوم کے متفقہ جواب سے دشمن کی کمر ٹوٹ گئی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر کے لئے ہم سب اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالا ہو کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ کا ویژن یہ ہے کہ آج کشمیر کا جواب دینے کے بجائے ہم سیاسی قیادت کو جیل میں سی کلاس دینے کے لئے سوچ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ ڈی کلاس بھی دیں لیکن ہم کشمیر کے سپاہی بن کے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا اخلاقی معاملات پہ اقتصادی معاملات کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج کشمیر پر مضبوط ڈپلومیسی کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اب تک باہر نہیں نکل سکے تو آج نکلیں۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی کا اجلاس بلانے کی ضرورت ہے۔ اگر اس معاملہ پر او آئی سی نہیں کوئی کردار ادا کرتا تو پھر ہمیں اس مردہ فورم کا حصہ رہنے کی ضرورت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر مسلم اٴْمہ کشمیر پہ نہ بولے تو پھر ان مردہ فورمز کی بھاری فیس بھرنے کی کیا ضرورت ہے۔