Tuesday January 21, 2025

حکومت نے نریندرامودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور: بھارتی وزیراعظم ہاؤس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جانے والے وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تاہم پاکستان نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘ہندوستان سے درخواست آئی تھی کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی جرمنی جانا چاہ رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ 20 ستمبر کو جانے کیلئے اور 28 ستمبر کو واپسی کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنا چاہ رہے تھے’۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ‘پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کا رویہ سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم ہندوستان کو اجازت نہیں دی جائے گی اور اس سے بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کردیا گیا ہے’۔خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔اس کے قبل جون میں پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔رواں ماہ 7 ستمبر کو پاکستان نے بھارتی صدر کی جانب سے فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔

FOLLOW US