اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ڈیل کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں دونوں جماعتیں شریک نہیں ہو گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے راجہ ریاض نے جمیعتِ علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ کشمیریوں کی خاطر احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں جماعتوں میں سے کوئی بھی احتجاج کرنے نہیں آئے گی کیوں کہ سب کے اپنے اپنے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت جیل میں ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت ہے اور مولانا صاحب ڈیل کرنے کے ماسٹر ہیں اس لیے احتجاج کرنے کوئی نہیں آئے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شاید مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ ڈیل کرنی پڑے گی۔ اس کے جواب میں جمیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی ہر حال میں مارچ کرے گی کیوںکہ موجودہ حکومت ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ناجائز، نااہل اور جمہوریت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے اور پی ٹی آئی کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں یہ لوگ الیکشن چوری کر کے اقتدار میں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت جاتی نہیں یا نئے الیکشن کا اعلان نہیں کرتی اسلام آباد میں دھرنا جاری رہے گا۔ حافظ حمداللہ نے بتایا کہ احتجاج کا اعلان جلد کریں گے، حتمی تاریخ میں کچھ دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں لیکن اسلام آباد کی طرف مارچ ضرور ہوگا۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کو یقین دلایا ہے کہ وہ 15لاکھ لوگوں کو لے کر اسلام آباد آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایک شخص کو انگلیوں پر گنوا کر 15لاکھ افراد پورے کریں گے۔