اسلام آباد : پی ٹی آئی نے بھی ایک شرط کے بدلے مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مولانا اپنے مارچ کو کشمیر آزادی مارچ کا نام دے کر اس کا رخ موڑ دیں تو پی ٹی آئی بھی ان کے ساتھ مل جائے گی۔ ہمایوں اختر خان کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزادی مارچ کے دوران مولانا فضل الرحمان کو راستے میں چھوڑ جائے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے لیے اپوزیشن میں اتحاد نہیں ہو پائے گا فضل الرحمان حکومت کے لیے اس وقت اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہیں کیوں کہ پیپلزپارٹی پہلے ہی نکل چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا اپنے مارچ کو کشمیر آزادی مارچ کا نام دے کر اس کا رخ موڑ دیں تو پی ٹی آئی بھی ان کے ساتھ مل جائے گی۔ پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر چیز سے مکمل آگاہ ہیں ہمایوں خان کا کہنا تھا حفیظ شیخ کو وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔
عمران خان ایک ٹیم کو آزماتے ہیں اگر کامیابی نہ ملے تو ٹیم بدل دیتے ہیں۔ دوسری جانب جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں15 لاکھ لوگ ہوں گے، بےشک انگلیوں پر گن لینا، 80 ہزار سے ایک لاکھ افراد خصوصی یونیفارم میں صرف سکیورٹی پر ہوں گے، دھرنے میں رکاوٹ ڈالی گئی توملک بھر میں کاروبار زندگی معطل کردیں گے، کارکنان میرے ایک اشارے پر اپنی جان بھی دے سکتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ملک میں فوری نئے آزادانہ شفاف انتخابات حتمی مطالبہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان میرے اشارے پر اپنی جان بھی دے سکتے ہیں۔ ایک سال سے مسلسل تیاریاں کررہے ہیں۔ فنڈز بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ کسی نے دھرنے میں رکاوٹ ڈالی تو پورے ملک میں کاروبار زندگی معطل کردیں گے۔ دھرنے میں ن لیگ کےعلاوہ حکومتی پالیسیوں سے نالاں عوام بھی شریک ہوں گے۔