راولپنڈی (نیوزڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان امن واستحکام کی جانب سے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے صوبے
میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات اور پاک فوج کے امن وامان برقرار رکھنے کے اقدامات کوسراہا ۔ آرمی چیف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ مل کر نسٹ یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح کیا ۔ آرمی چیف نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دیرپا امن و استحکام کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے بلوچستان کے ذہین نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو درست سمت میں کام کرنے چاہئے ۔طلبا مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کو مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے متحد ہوکر کام کرناچاہئے ۔