اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے چھوٹے قرضوں کی حد بڑھا کر 10لاکھ کردی ہے، چھوٹے قرضوں کی مدت ایک ماہ سے کم کرکے 15دن اوردرمیانے درجے کے قرضوں کی مدت 25 روزکردی گئی، روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں، تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولیات دینا اولین ترجیح ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صنعتوں کی ترقی کیلئے اٹھائے جانیوالے سوالات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا کہ صنعتوں کا فروغ، زراعت اور
تعمیراتی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چھوٹے قرضوں کی حد بڑھا کر 10لاکھ کردی گئی ہے۔چھوٹے قرضوں کی مدت ایک ماہ سے کم کرکے 15دن کردی گئی ہے۔ درمیانے درجے کے قرضوں کی مدت 25 روز کردی گئی ہے۔برآمدات میں ساڑھے 5 ارب ڈالر اضافہ متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چھوٹی اوردرمیانی صنعتوں اور زرعی ترقی کا فروغ چاہتے ہیں۔تعمیراتی شعبے کو ہرممکن سہولیات دینا اولین ترجیح ہے۔ملک میں روزگار کے بے شمار مواقع پید اکیے جائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں پولیس تشدد سے ہلاکتوں پر اظہار تشویش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پولیس نظام میں اصلاحات لانے کا عمل تیز کیا جائے۔عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کوتبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔عثمان بزدار میری ٹیم کا حصہ ہیں۔عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ حکومت اقدامات کو درست انداز میں پیش کیا جائے۔