کوہاٹ(آن لائن)کوہاٹ کے نانبائیوں نے گیس کی قیمت میں حسب وعدہ کمی نہ ہونے کے بعد روٹی بیس روپے فروخت کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں نانبائی ایسوسی ایشن کا اجلاس محمد سلطان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر سے نانبائیوں نے شرکت کی محمد سلطان نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے انکی برادری سے وعدہ کیا تھا کہ گیس کے بل میں فی کمرشل یونٹ پانچ سو سے سات سو روپے تک ہوگا مگر اس بار جو بل آئے ہیں ان میں فی کمرشل یونٹ 1280 روپے ہے جوکہ نانبائیوں کے لئے اداکرنا ناممکن ہے۔ انہوں
نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حسب وعدہ گیس بلوں کو درست کرے بصورت دیگر نانبائی تندوری روٹی بیس روپے میں فروخت کریں گے اور گیس میٹر ہٹا کر دوبارہ لکڑی استعمال کریں گے انہوں نے کہا کہ اگران کے ساتھ ظلم کا یہ سلسلہ جاری رہا تو پھرنانبائی شٹرڈاؤن سے بھی گریز نہیں کریں گے۔