لاہور :سینئر صحافی و کالم نگار سہیل وڑائچ کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم نے عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلی بنانے کی غلطی کا اعتراف کر لیا، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے 3 نام لیے جا رہے ہیں جن میں میاں اسلم اقبال، عبدالعلیم خان اور شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و کالم نگار سہیل وڑائچ کے مطابق پنجاب کے وزیراعلی کی تبدیلی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اپنے تازہ ترین کالم میں سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ “سستی اور حبس کے اس موسم میں ایک بار پھر سے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہ پھیل رہی ہے۔ عثمان بزدار نے اپنے اراکین صوبائی اسمبلی کو بہت خوش کر رکھا ہے لیکن اگر اوپر سے سیٹی بج گئی تو پھر شیشے کا گھر ٹوٹنے میں دیر نہیں لگے گی۔
بڑے امیدوار اب بھی تین ہی ہیں میاں اسلم اقبال، عبدالعلیم خان اور شاہ محمود قریشی۔
پچھلی دفعہ لاٹری کسی اور گھوڑے کی نکل آئی تھی اب بھی عثمان بزدار کے بعد دیکھیں وفاق کا کوئی ’’سرکش‘‘ لایا جاتا ہے یا صوبے کا کوئی ’’اطاعت گزار‘‘ فیض پاتا ہے۔ دو نوجوان وفاقی وزیر بھی اس خدمت کے لئے اپنا نام پیش کر چکے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں اپنا وزن مکمل طور پر عثمان بزدار کے پلڑے میں ڈال رکھا تھا، اب بھی ایسا ہی ہے لیکن سننے میں آ رہا ہے کہ اب وزیراعظم کا اعتماد متزلزل ہو رہا ہے اور اگر عثمان بزدار کی کارکردگی میں بڑی تبدیلی نہ آئی تو پھر مخالف تختہ الٹنے کی کوششیں مزید تیز کر دیں گے۔ آئے روز وزیراعظم کے کان بھرے جاتے ہیں، وہ پہلے دفاع کرتے تھے، پھر خاموشی سے سننے لگے اور آج کل کہہ رہے ہیں کہ غلطی ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ایک اور صحافی عارف حمید بھٹی نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلے پر جلد عملدرآمد کر دیا جائے گا۔