Tuesday January 21, 2025

فوج میں میرٹ کا سسٹم ہےاور اسی بنیاد پرملک ترقی کرسکتا ہے،آرمی چیف

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ملاقات کی ۔ملاقات میں طلباء کی جانب سے آرمی چیف کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا گیا۔نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے، پاکستان بنانے میں سندھ کا اہم کردارتھا، سندھ کے لوگ فوج کے بہترین جوان ہیں، جو جفاکش محنتی اور وفادار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو

کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا، فوج میں میرٹ کا سسٹم ہے، ہمیں پاکستان کو وہاں لے کر جانا ہے جہاں اس کا حق بنتا ہے، پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو میرٹ کی بنیاد پر لے جا سکتے ہیں۔آرمی چیف کے مطابق محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے جس سمت میں نوجوان جائیں گے، پاکستان اسی سمت میں جائے گا اور کامیاب آدمی پانی کے رخ کیخلاف جاتا ہے جس میں بڑی رکاوٹیں آتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا گیا تو لوگوں نے کہا آپ کی فوج نے بہت اچھا کام کیا، امریکا میں لوگوں نے کہا آپ نے کیسے کامیابی حاصل کی کہ دہشت گردوں کو اٹھا کر پھینک دیا؟ میں ان سے کہتا ہوں ہماری مائیں ایسی ہیں جو ایسے بچے پیدا کرتی ہیں جو ملک پر جان نچھاور کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان ایسے ہیں میں پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں، ہماری فوج میں اصول ہے ہم جوان کو یہ نہیں کہتے کہ ایڈوانس، ہم کہتے ہیں ’فالو می‘، ہمارا لیڈر اور افسر سب سے آگے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا رشتہ انسانیت کا ہوتا ہے، کسی بھی مذہب میں کسی کا حق مارنے کی گنجائش نہیں، اخلاقی قوت فوجی قوت سے بہت زیادہ طاقت ور ہوتی ہے۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کرایا، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے، یہ تبدیلی کی شروعات ہے، نوجوان بہت مضبوط ہیں جو سمندروں کا رخ بدل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپ کو قومی سطح پر اس مقام پر لانا ہے جہاں ہماری آواز سنی جائے، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا اور دنیامیں تبدیلی نوجوان لاتے ہیں۔

FOLLOW US