Tuesday January 21, 2025

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، پاکستان کو بڑی حمایت مل گئی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزراء خارجہ کی ایک ہی دن پاکستان آمد، بڑا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان کے دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچیں گے، دونوں وزرا ئے خارجہ الگ الگ اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔سعودی سفارتخانے کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر کل ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، وہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ امور کے علاوہ خطے کی صورتحال پر تبادلہ

خیال کیا جائیگا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان بھی بدھ کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو آشکار کرنے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے سفارت کاری جاری ہے، اسی سلسلے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کل پاکستان پہنچ رہے ہیں، ان ملاقاتوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورت حال اور پاک بھارت کشیدگی اور دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ دوسری جانب عمان کی مجلس شوریٰ کے وفد نے خالد بن ہلال ناصر المعولی کی سربراہی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، کشمیر کی تازہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان برادر ملک عمان کے ساتھ علاقائی ترقی، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام پڑوسی اور دوست ممالک سے قریبی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5اگست کو بھارت کی جانب سے کشمیرکی آئینی حیثیت ختم کر کے خطے کو جنگ کے خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں 29 روز سے مسلسل کرفیو کے نفا ذ نے کشمیری عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے، کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں نے بھارت کا بھیانک چہرا دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ آر ایس ایس کے فاشسٹ نظریے کی پیروکار بھارتی حکومت نے ہندستان میں اقلیتوں کے لیے زمین تنگ کر رکھی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ کر بھارت نے ظلم کی نئی داستان رقم کر دی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ وادی میں پیلٹ گنوں کے بے دریغ استعمال سے ہزاروں افراد نابینا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کر کے بھارت دنیا سے نہتے کشمیری عوام کی حالت زار کو چھپانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کرفیو کے نفاذ کے وجہ سے مقبوضہ جموں کشمیر میں خوراک اور ادویات شدید قلت ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیاور مقبوضہ وادی میں کرفیو کے نفاذ کے فوری خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہونگے۔ سربراہ عمانی وفد نے کہاکہ عمانی پارلیمنٹ پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ عمان، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی سفارتکاری کو متحرک کر کے ہم مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کرنے کا متمنی ہے۔چیئر مین عمانی مجلس شوریٰ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر براصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے اس مسئلے کو حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے۔وفد نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے کی سلامتی کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمان مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کرتاہے۔انہوں نے کہاکہ عمان میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی عمان ترقی میں خدمات قابل ستائش ہیں۔عمان کی مجلس شوریٰ کے چیئر مین خالد بن ہلال ناصر المعولی قومی اسمبلی آف پاکستان میں رکھی مہمانوں کی کتاب میں اپنے ثاثرات قلم بندکیے۔بعد ازاں چیئر مین نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی ہال کا دورہ بھی کیا۔

FOLLOW US