اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق صدر آصف زرداری کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے وفاقی وزیرسینیٹراعظم سواتی کو ہدایت کی ہے کہ وزیرداخلہ کو میرا پیغام دیں کہ آصف زرداری کو جیل میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی
صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرراجا ظفرالحق نے سینیٹ کو آگاہ کیا کہ سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں ٹارچر کیا جارہا ہے۔آصف زرداری کو جیل میں طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔اس کے ساتھ پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں آصف زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ آصف زرداری کو گھر والوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔آصف زرداری کو چور دروازے سے جیل منتقل کیا گیا ۔ بغیر جرم آصف زرداری کو گرفتار کیا گیا۔ صاف نظر آرہا ہے کہ انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب جتنا مرضی کریں لیکن سیاسی انتقام نہ لیا جائے۔عدالت کے حکم کے باوجود آصفہ بھٹو کو اپنے والد سے ملنے نہیں دیا گیا۔وزیرپارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کی بات غور سے سنی اب ہماری بات غور سے سنی جائے۔ اگر مجھے یا شبلی فراز کو آج کی بحث کا پتا ہوتا تووزیرداخلہ کو ایوان میں ضرور بلاتے، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے اپوزیشن رہنماؤں پر کیسز نہیں بنائے، یہ پرانے کیسز ہیں۔جتنے بھی کیسز ہیں تمام کیسز پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومتوں
نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے ہیں۔ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ حومت کی ذمہ داری ہے۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، نیب قوانین ایوان نے بنائے، نیب قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعظم سواتی صاحب! آپ کی بات درست ہے یہ وزیرداخلہ کا کام ہے، مگر وزیرداخلہ تک میرا یہ پیغام ضرور پہنچائیں۔ انہوں نے وفاقی وزیرسینیٹراعظم سواتی کو ہدایت کی ہے کہ وزیرداخلہ کو میرا پیغام دیں کہ آصف زرداری کو جیل میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔