ملتان (ویب ڈیسک) پاکستان کی جانب سے سعودی حکومت کو درخواست کیے جانے کے 2دن بعد ہی پاکستان کے 260قیدی رہا کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پاکستانی سفیر نے سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات میں قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بات کی تھی اور آج قیدی ملتان ائیرپورٹ پہچنے والی فلائٹ میں واپس آگئے ہیں۔ سعودی جیلوں
میں مختلف الزامات میں قید 260 پاکستانی ڈی پورٹ ہوکر وطن واپس پہنچ گئے ہیں، آج صبح 260 پاکستانی شہری ملتان ایئرپورٹ پر سعودی ایئر لائن کی خصوصی پرواز ایس وی 800 کے ذریعے جدہ سے واپس پہنچے جس کے بعد ملتان ایئر پورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن اسٹاف نے پوچھ گچھ کے بعد تمام افراد کو جانے کی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر دیا تھا۔اس کے علاوہ دو روز قبل پاکستانی سفیر نے سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات میں قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بات کی تھی۔ سعودی وزیرداخلہ سے پاکستانی سفیر نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی اور مشترکہ معاملات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستانی سفیر نے ان لاچار پاکستانی قیدیوں کا معاملہ بھی اٹھایا جنہوں نے اپنی سزا پوری مکمل کرلی ہے لیکن وہ واجبات اور جرمانے ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں اور قید کی مدت گزرنے کے بعد بھی جیلوں میں ہیں۔پاکستانی سفیر نے سعودی بیت المال کے ذریعے انکی ادائیگی پر غور کرنے
کی درخواست کی تھی جس پر سعودی وزیر داخلہ نے ایسے قیدیوں کے معاملات پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ سعودی سفیر نے پاکستانی قیدیوں کے جرمانے کی سعودی بیت المال کے ذریعے ادائیگی پر غور کی یقین دہانی کروا دی۔ خیال رہے کہ حکومت نے عید سے پہلے قطر سے قیدی رہا کروا لیے تھے۔وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر قطر نے 53 پاکستانی قیدیوں کے رہا کر دیا تھا۔