لاہور(نیوزڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کردی ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹایا جائے اور کشمیری قیادت کو رہا کیا جائے تومذاکرات ہوسکتے ہیں، کسی تیسرے فریق کی معاونت یا ثالثی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ
بھارت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کردی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دوطرفہ مذاکرات سے کبھی بھی اعتراض نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی تیسرے فریق کی معاونت یا ثالثی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ لیکن بھارتی قیادت کی جانب سے مذاکرات کا ماحول دکھائی نہیں دیا جا رہا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس شرط پر مذاکرات ہوسکتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیوہٹایا جائے اور کشمیری قیادت کو رہا کیا جائے تومذاکرات ہوسکتے ہیں۔ مزید برآں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آج عمر کوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جلسہ سیاسی نوعیت کا نہیں ہے، آج کا جلسہ مودی کیلئے پیغام ہے، آج کے جلسے میں سیاسی بات نہیں ہوگی بلکہ آج کا جلسہ صرف کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ میں عمرکوٹ والوں کیلئے وزیراعظم عمران خان کا پیغام لے کرآیا ہوں۔ عمران خان بھی آنا چاہ رہے تھے لیکن اسلام آباد میں ذمہ داریوں کے باعث نہیں آسکے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی نے اپنی اپوزیشن کے لوگوں کو بھی سرینگر میں گھسنے نہیں دیا۔ تم لوگ سرینگر میں
مسلمانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوسکتے لیکن ہم عمر کوٹ میں ہندوبرادری کے ساتھ تمہارے خلاف کھڑے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج انسانیت کا پیغام دینے کیلئے شیو مندر میں حاضر ہوا ہوں۔ عالمی میڈیا دنیا کو دکھائے پاکستان میں تمام مندرآباد ہیں۔لیکن مودی نے عید پر لوگوں کو قربانی نہیں کرنے دی، اور لوگوں کیلئے عید گاہوں کے دروازے بند کیے گئے۔ مقبوضہ کشمیرمیں مسجدیں سنسان کردی گئیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کا بھارت نہرواور گاندھی کا نہیں بلکہ آر ایس ایس کا ہے۔آج کے ہندوستان میں آرا یس ایس کی سوچ غالب ہے اور گاندھی کے ہندوستان کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کشمیری نہتے ضرور ہیں لیکن کمزور نہیں ہیں۔