کراچی: اب تک کی سب سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، ہنگامی الرٹ جاری، محکمہ موسمیات نے کراچی و دیگر 8 اضلاع میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ شہر قائد کراچی اور دیگر 8 اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
مون سون کا سلسلہ ان شہروں میں موجود ہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث کراچی سمیت 8 اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کیجانب سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر آٹھ اضلاع میں شدیدبارشوں/ اربن فلڈنگ کے خدشات کے تناظر میں سندھ بھرمیں رین ایمرجینسی کے تحت پولیس کوآئندہ احکامات تک ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، ٹھٹھہ، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، سکھر، حیدر آباد، میرپور خاص ڈویژن میں کہیں کہیں (جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش)، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودہا، فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان، ہزارہ، قلات ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں اکثر مقامات پر (چند مقامات پر موسلادھار بارش) جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ہزارہ، مکران ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش ٹھٹھہ 83، ٰاسلام کوٹ61، کراچی (ماڈل اوبزرویٹری36، جناح ٹرمینل34، سرجانی32، کیماڑی29، ناظم آباد 26، ایئرپورٹ25، لانڈھی، نارتھ کراچی، فیصل بیس24، صدر19، مسرور07)، ٹنڈوجام47، بدین42، حیدرآباد27، ڈپلو23، کلوئی، لاڑکانہ15، شہید بینظیرآباد، سکھر13، سکرنڈ11، نگرپارکر08، میرپورخاص07، مٹھی، موہنجوداڑو 04، روہڑی03، چھاچھرو، دادو01، مری35، ملتان31، لاہور (ایئرپورٹ06، سٹی01)، بہاولپور (سٹی06، ایئرپورٹ04)، گوجرانوالہ02، ساہیوال01، لسبیلہ21، کاکول02 اور استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھکر، نوکنڈی، تربت، دالبندین 42 اور جوہر آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔