اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر سے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ کشمیر پر بلکل سنجیدہ نہیں ہے۔ ہمیں ٹویٹو سلطان سے یہ نہیں جاننا کہ اس نے کس کس کو کال کی۔ ہمیں یہ بتائیں کشمیر کو فوری ریلیف کیا دلوایا؟ اس وقت سب سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ کشمیر میں لاک ڈاؤن فوری ختم کروایا جائے اور وہاں مسلمانوں کی نسل کشی روکی جائے۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ریحام خان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اب پہلے جیسا نہیں رہا کہ آپ مزید 70 سال انتظار،احتجاج اور ڈرامے کرنے میں گزار دیں۔آپ کے ایک ایک لمحے کی تاخیر کشمیر میں بسنے والے مسلمانوں کی زندگی کے لیے
خطرہ ہے۔سفارتی محاذ پر بڑی ناکامی ہے کہ چار ہفتے میں صرف لاک ڈاؤن بھی نہیں ختم کروا سکے۔خیال رہے کہ مسئلہ کشمیر کو لے کر وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ وزیراعظم عمران خان کو ٹویٹو سلطان بھی قرار دیا اور کہا کہ صرف ٹویٹ کرنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر اب فیصلہ کُن موڑ آ گیا ہے۔ ہم کشمیر کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق میں آواز اُٹھانے کے لیے ہر ہفتے میں احتجاج کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہاکہ تمام سرکاری ملازمین جمعہ کے روز 12 سے ساڑھے 12 بجے تک باہر نکلیں اور احتجاج کریں ۔