Tuesday January 21, 2025

پاکستان کا دنیا سے ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ، وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں کیااعلان کرنیوالے ہیں، جانئے

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)پاکستان نے دنیا سے ڈومور کا مطالبہ کر دیا ہے۔ آج تک امریکہ اور دوسری دنیا ہی پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتی آئی ہے لیکن اب پاکستان نے پوری دنیا سے ڈومور کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مشیراطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اب دنیا کو کشمیر کے لیے ڈو مور کرنا ہوگا جبکہ وزیراعظم جنرل عمران خان بھی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑیں گے۔مشیر اطلاعات نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے میں ایک بار پاکستان کا ہر شہری مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کر کے بھارت کو پیغام دے گا، اس میں حکومت، کابینہ

اور عوام شامل ہوں گے، وہ دنیا جو اپنے امن کے لیے ڈو مور کرتی تھی، اب وہ کشمیر کے لیے بھی ڈو مور کرے۔اس سے قبل انہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ہوئی توخطہ نہیں ساری دنیا اس کی لپیٹ میں آئے گی۔ایک انٹرویومیں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کے لیے ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز دبانا ممکن نہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ قوم سیسہ پلائی دیوار بن کرکشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے ریاستی جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا اب ناممکن ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر آپشن استعمال کرے گا، حکومت چاہتی ہے کشمیر کاز پر پوری قوم اور سیاسی قیادت یک زبان ہو، اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاک فوج اس کے لیے تیار ہے لیکن یہ جنگ صرف اس خطے کے امن کے لیے خطرہ نہیں بنے گی بلکہ پوری دنیااس کی لپیٹ میں آئے گی، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے دنیا بھارت کے اس جابرانہ اقدام کو روکے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران معاون خصوصی نے کہا کہ ہم دنیا کو نہ صرف یہ باور کروائیں گے بلکہ وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت موجودہ حکومت اس کے ساتھ دستیاب تمام آپشن بروئے کار لائے گی اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرے گی ۔فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بتایا کہ ایک شہر سے دوسرے شہر والی بسوں میں معذور افراد کے لیے مخصوص نشست کو لازمی قرار دے دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ہنڈی کی حوصلہ شکنی کے لیے ڈاک خانوں کے ذریعے بیرون ملک سے ترسیلات زر پر عائد فیس ختم کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ

’بیرون ملک مقیم پاکستانی 15 سے 20 ریال بچانے کے لیے ہنڈی کے ذریعے ترسیلات زر بھیجتے تھے تاہم اب وہ بینک کے ذریعے رقم منتقل کرسکیں گے جس کوئی فیس نہیں ہوگی‘۔فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سیالکوٹ میں 70 سالہ تاریخی مندر اور پشاور میں قدیم گردوارے کا افتتاح کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے 75 سالہ بزرگوں کے لیے فری ٹکٹ کی سہولت ختم کرکے سال میں 4 فری ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے 38 ٹرینیں چلائی اور 37 لاکھ لیٹر تیل کی بچت کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ’محکمہ ریلوے میں تیل کی چوری

کے سدباب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جس کے باعث لاکھوں لیٹر تیل کی بچت ہوئی‘۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کی وزارت کو باور کرایا کہ خواجہ سراؤں سے متعلق خصوصی اقدامات اٹھائے اور ان کے لیے روز گار کے مواقعے فراہم کیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے خواجہ سراؤں کو ہر وزارت میں ملازمت دینے سے متعلق وزارت انسانی حقوق سے تجاویز طلب کی ہیں۔معاون خصوصی نے بتایا کہ غریب قیدیوں کے جرمانے کی رقم ادا کرنے کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بچوں کی فحش ویڈیو بنانے

والوں کے خلاف موثر قانون سازی کی ہدایت کی۔فردوس عاشق اعوان نے ’عمران خان لیگل ایڈ ہیلپ لائن‘ لائن سے متعلق آگاہ کیا کہ متعارف کرائی جائے گی جس کے تحت مستحق افراد کو مفت قانونی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایت کو دور کرنے کے لیے اسلام آباد میں ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’دیگر صوبوں میں بھی اسی طرح کے پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے‘۔

FOLLOW US