لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ضمنی الیکشن میں اپنی متواتر کامیابیوںکو عوام کا فیصلہ اور الیکشن سے پہلے ایفرنڈم قرار دے دیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کو انتشار اور افراتفری پھیلانے والی جماعت قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعدسرگودھا کے
ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کی فتح ہے اور ہماری پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ میںمسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار یاسر ظفر سندھو اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ لودھراں کے بعد سرگودھا کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔پاکستان کے باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے اور لودھراں کے بعد سرگودھا میں بھی منفی احتجاج، انتشار اوردھرنوں کی سیاست کرنیوالوںکو شکست فاش ہوئی ہے اور ضمنی انتخابات کے نتائج، انتشاراور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے ۔عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کومسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔