Tuesday January 21, 2025

بحریہ ٹاؤن کے اشتراک سے ملیر ماڈل زون میں جاری صفائی کے دوران 7ہزار ٹن کچرا اُٹھا لیا

کراچی(نیوزڈیسک) بلدیہ کورنگی نے بحریہ ٹاؤن کے اشتراک سے ملیر ماڈل زون میں جاری صفائی مہم کے دوران اب تک7ہزار ٹن سے زائد کچراملیر اور ماڈل کالونی کے مختلف علاقوں سے اُٹھا کر ٹھکانے لگا دیا ۔ چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ بلدیہ کورنگی اور ضلع کورنگی کی عوام بحریہ ٹاؤن کے روح رواں ملک ریاض حسین کے

ممنون و مشکور ہیں جنہوں نے عوام کاز میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کرتے ہوئے ضلع کورنگی میں بسنے والی عوام کو کچرے کے ڈھیروں سے نجات دلا نے اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے میں ہاتھ بٹا رہے ہیں۔چیئر مین بلدیہ کورنگی نے بتا یا کہ بحریہ ٹاؤن اور بلدیہ کورنگی نے مشترکہ صفائی مہم کا آغاز ملیر ماڈل زون سے کیا ہے اور گزشتہ 5دن کے دوران ملیر ماڈل زون میں جمع شدہ کچرے کے ڈھیروں سے اب تک7ہزار ٹن سے زائد کچرا اُٹھا کر ٹھکانے لگا یا جاچکا ہے۔سید نیئر رضا نےکہاکہ بلدیہ کورنگی اپنی دستیاب وسائل و صلاحیتوں کی بدولت صفائی وستھرائی و کچرے کے ڈھیروں کو علاقوں سے اُٹھا کر ٹھکانے کی ہر ممکن کوشش کرررہی ہے مگر ناکافی مشنریز اور محدود وسائل کی وجہ سے ہم اپنے ضلع سے نصف کچرے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا پاتے ہیں۔ انہوں کے کہاکہ ملک ریاض حسین چیئر مین بحریہ ٹاؤن نے عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر کی درخواست پر ضلع کورنگی سے کچرے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگانے میں ہماری مدد کررہے ہیں۔ سید نیئررضا نے کہاکہ انشا اللہ بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے بلدیہ کورنگی شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی کی عوام کو بھی کچرے کے ڈھیروں سے نجات دلا ئے گی ،عوام علاقائی سطح پر صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے قیام میں بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں۔

FOLLOW US