Monday January 20, 2025

بھارت سے آنیوالی ادویات پر پابندی لگانے کی تیاریاں، حکومت نے بڑافیصلہ کرلیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ بھارت ہمیں جو ادویات بھجوا رہا ہے اُن کی میعاد کچھ عرصہ قبل ہی پوری ہو چکی ہوتی ہے جس کے پیش نظر بھارت سے ادویات کی درآمدگی پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کے اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میرے پاس اس بات کی معتبر معلومات موجود ہیں کہ بھارت ہمیں جو ادویات بھجوارہا ہے اس کی میعاد کچھ ماہ قبل پوری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے اور اس کی فوج مقبوضہ وادی میں مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے لیکن ہم بھارت سے ادویات درآمد کررہے ہیں۔اس انکشاف کے بعد بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم ہونے پر ایک طرف جہاں شعبہ صحت

کے اسٹیک ہولڈرز اس خوف میں مبتلا ہیں کہ ادویات غائب ہونے سے کئی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی وہیں دوسری جانب پارلیمانی کمیٹی میں یہ تجویز پیش کر دی گئی ہے کہ بھارت سے ادویات اور خام مال کی درآمد پر مکمل پابندی عائد ہونی چاہئیے جس کی وجہ سینیٹر رحمان کے انکشافات کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہےکہ سینیٹر رحمان ملک اس پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں تھے لیکن وہ بھارتی ادویات کے میعار کے حوالے سے اپنے سوالات کا جواب لینے کے لیے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان نے احتجاجاً بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات ختم کر دئے تھے۔ 9 اگست کو وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک حکم نامے (ایس آر او) کے ذریعے بھارت کے ساتھ تجارت روک دی تھی۔

FOLLOW US