Tuesday November 26, 2024

حکومت کاپولیو کیخلاف مہم میں پاک فوج کی مدد لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے انسداد پولیو مہم میں پاک فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی صورتحال پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا، خیبر پختونخوا و بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ، وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللّٰہ خان اور چیف سیکرٹریز پنجاب سندھ کے علاوہ بین الاقوامی فلاحی اداروں بل اینڈ میلنڈا گیٹس، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسیف، کے نمائندے بھی شریک تھے۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو

بابر عطا نے ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم کو پولیو کے خاتمے کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18-2017ء میں انسداد پولیو کے لیے اپنائی گئی حکمت عملی میں خامیوں کی وجہ سے پولیو کیسز میں اضافہ ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں انسداد پولیو اور احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاق اور صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کے لیے مؤثر مہم چلائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ملک کے دور دارز علاقوں تک رسائی اور بچوں کو انسداد پولیو قطروں پلانے میں پاک فوج حکومت کی معاونت کرے گی۔اجلاس میں بل گیٹس کا خط بھی پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا، بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے خط میں بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک وشہبات نکالنا بہت ضروری ہے۔ حفاظتی ٹیکاجات ای پی آئی پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔ بل گیٹس نے خط میں پولیو کے علاوہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی۔ بل گیٹس نے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا بھی ظاہر کی۔

شیئر کریں

FOLLOW US