Tuesday January 21, 2025

باکمال لوگوں کی لاجواب سروس۔۔۔ پاکستان ریلوے کا انجن اپنی 3بوگیوں کو بیچ راستے چھوڑ کر چلتا بنا، مسافر نہ ادھر کے رہے نہ اُدھر کے!!

خانپور (نیوز ڈیسک)پاکستان ریلوے کا ایک اور عجیب کارنامہ سامنے آیا ہے۔ خانپور میں عید کے لیے چلائی گئی سپیشل ٹرین کا انجن بوگیوں کو راستے میں چھوڑ کر آگے چلا گیا جس کی وجہ سے مسافر خوار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابقخصوصی ٹرین کی تین بوگیاں اچانک انجن سےالگ ہو گئیں اور انجن مسافروں کو بے یارومددگار چھوڑ کر چلا گیا۔واقعہ سٹی پارک کے نزدیک پیش آیا جب تین بوگیوں کے پیچھے چھوڑتے ہوئے بقیہ ٹرین آدھا کلومیٹر آگے چلی گئی۔ جب بعد میں علم ہوا تو انجن واپس روانہ کیا گیا۔ اس دوران مسافر حیران و پریشان حالت میں بوگیوں سے باہر نکل آئے اور ایک دوسرے سے وجہ دریافت کرتے رہے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ بوگیوں کو ملانے والے پرزہ ٹوٹ گیا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے اور اس کے بعد جوائنٹ کو مرمت کر کے ٹرین روانہ کر دی گئی۔

واضح رہے کہ خصوصی ٹرین کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی، بوگیاں کھڑی ہونے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ بھارت جانے والی ٹرینیں بند کی جارہی ہیں اور ان ٹرینوں کو ملک کے اندر عید کے موقعہ پہ چلایا جائے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ بھارت کی درخواست مسترد کردی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس بحال کرنے کا مطالبہ مسترد کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر ریلوےنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی ایک بار پھر آہستہ آہستہ اٹھے گی، سرینگر میں بھارت کا سیاسی و معاشی جنازہ نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ وزیر ہیں سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی، بھارت سے مذاکرات کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں۔

FOLLOW US