اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیمرا نے ٹی وی چینلز کو عید الاضحیٰ پر عید کے خصوصی پروگرامز نشر کرنے روک دیا ہے۔ پیمرا نے نوٹس جاری کیا ہے جس میں ٹی وی چینلز سے اپیل کی گئی ہے کہ پہلے سے ریکارڈ کئے گئے یا براہ راست ایسے پروگرام نشر کرنے سے گریز کریں جو قوم اور کشمیری بھائیوں کے جذبات کو مجروح کریں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے تناظر میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات میں ایسے تمام پروگرام نشر کرنے سے گریز کیا جائے جو قومی جذبات کو بھڑکانے اور کشمیری بھائیوں کی دلی تکلیف کا باعث بنیں۔پیمرا نے کہا ہے کہ 14 اگست کو یوم آزادی کو بہادر کشمیریوں سے
اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا جبکہ بھارتی یوم آزادی 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، اس موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹی وی چینلز کو تجویز کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے اپنے لوگو 15 اگست 2019ء کو بلیک اینڈ وائٹ کردیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل پیمرا نے 8 اگست کو جاری اپنے ایک اور نوٹیفکیشن میں ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹاک شوز میں بھارتی صحافیوں، صحافی، تجزیہ کار اور مشہور شخصیت کو مدعو نہ کریں۔ دوسری طرف وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بھی عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں سے کہتا ہوں جاگتے رہنا شاید ہمارا قرض اتارنے کا وقت آ گیا ہے جبکہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سوچ سمجھ کر تھر اور سمجھوتہ ایکسپریس بند کی ہے اور بھارتی وزارت خارجہ کی نظرثانی کی درخواست مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ وزیر ہیں سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی، بھارت سے مذاکرات کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات ہوئے تو لوگ کہیں گے سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے تاہم بھارت سے تعلقات میں نظرثانی کا فیصلہ وزارت خارجہ نے کرنا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ان کے خیال میں مودی حکومت ٹریپ ہو گئی ہے، مودی ازم ہٹلر کی کاپی اور نازی ازم کی داستان ہے، کشمیری جینئس قوم ہے مودی نے سیاسی خودکشی کا فیصلہ کیا، وقت ثابت کرے گا مودی کا فیصلہ بھارت کی معیشت اور امن کو تباہ کر دے گا۔