Tuesday November 26, 2024

صدر مملکت کی عید الاضحی کے مبارک موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو مبارک باد

اسلام آباد (آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحی کے مبارک موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کر تے ہوئے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیوں کو قبول فرمائے اوردنیاوی و اخروی نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔عید الاضحی ۱۴۴۰ھ؍۲۰۱۹ء کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کا دن اُس عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے

جس میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حکم پر اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربانی کے لیے پیش کر دیا تھا ۔ یہ عمل بارگاہ رب العزت میں اتنا مقبول قرار پایا کہ اس کی یاد منانے کو مسلمانوں کے لیے عبادت کا درجہ دے دیا گیا۔ آج کا دن عزم و ایثار اور اعلیٰ کردار کا وہ نمونہ پیش کرتا ہے جو رہتی دنیا تک رشدو ہدایت کا مظہر رہے گا ۔یہ دن ہمیں سبق دیتا ہے کہ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اپنی عزیز ترین اشیاء حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو گریز نہ کیا جائے ۔ ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت تو ہمیشہ رہی ہے لیکن آج کے موجودہ دور میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ہمیں ذاتی اور گروہی مفادات سے خود کو آزاد کرانا ہوگا ۔ اعلیٰ انسانی مقاصد کے حصول کے لیے ایثار و قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ اور نبی رحمت عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اُسوہ حسنہ کا اہم بنیادی پہلو بھی ہے ۔ موجودہ دور میں وطن عزیز کو درپیش مسائل کا حل بھی اسلام کی انہی آفاقی اقدار میں پوشیدہ ہے ۔ آئیے ہم اخوت ، رواداری ، مساوات اور صبر و تحمل جیسی اعلیٰ اقدار کو اپنا کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کریں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کی تہہ میں پوشیدہ نعمتوں اور برکتوں سے مستفید فرمائے

FOLLOW US