ملتان (نیوز ڈیسک) ملتان ائیرپورٹ پر دوران لینڈنگ پی آئی اے کا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، قومی ائیرلائن کے طیارے کا ٹائر لینڈنگ کے دوران پھٹ گیا، تاہم پائلٹ نے معجزانہ طور پر طیارے اور مسافروں کو نقصان سے بچا لیا۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان کے ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرلائن کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کی اطلاعات ملی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سے ملتان آنے والی پی آئی اے پرواز پی کے 582 ملتان ائیرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی جب اچانک طیارے کا ٹائر پھٹ گیا۔اس دوران طیارے میں
موجود مسافر شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ تاہم طیارے کے پائلٹ نے اپنے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے کمال مہارت سے معجزانہ طور پر طیارے کو کنٹرول کیا اور اسے اور مسافروں کو کسی بھی قسم کے نقصان کا شکار ہونے سے محفوظ رکھا۔طیارہ لینڈ کر جانے کے بعد فوری طور پر طیارے میں موجود تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی بھی مسافر کو اس حادثے کے دوران نقصان نہیں پہنچا۔ جبکہ پی آئی اے کی اسی پرواز کو اسلام آباد کیلئے بھی روانہ ہونا تھا تاہم ٹائر پھٹ جانے کے باعث ملتان سے اسلام آباد کی پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔