Monday February 24, 2025

پشاور اور خیبرپختونخواہ کے دیگر علاقے زلزلے سے لرز اٹھے

پشاور (نیوزڈیسک) پشاور اور خیبرپختونخواہ کے دیگر علاقے زلزلے سے لرز اٹھے، شدید بارش سے پریشان لوگ زلزلے کے باعث خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں جمعرات کی شام کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے

مطابق زلزلے کے جھٹکے پشاور کے علاوہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث موسلادھار اور طوفانی بارشوں سے پریشان لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو گئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ تاہم زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دوسری جانب سے زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ حالیہ کچھ برسوں کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہے۔ پے درپے زلزلوں کا سلسلہ 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد سے شروع ہوا تھا، جو اب تک جاری ہے۔ تاہم عمومی طور پر آنے والے زلزلوں کی شدت بہت زیادہ نہیں ہوتی، اسی باعث شہری علاقے نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔