Monday February 24, 2025

حکومت ایک بار پھر بازی لے گئی، اپوزیشن کا یوم سیاہ بُری طرح ناکام، تاجر برادری نے بھی احتجاجی کال مسترد کردی، اپوزیشن جماعتوں نے لوگوں کے جمع نہ ہونے کا الزام کس کے سر لگادیا

لاہور(نیوز ڈیسک)صوبائی وزیراطلاعات میاں اسلم اقبال نے اپوزیشن کے یوم سیاہ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر نے کرپشن بچاؤ میلہ لگانے کی بھرپور کوشش کی جو بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔محکمہ اطلاعات عامہ پنجاب (ڈی جی پی آر) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، یوم تشکر منا رہی ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آج اپوزیشن سے چند کرسیاں نہیں بھری جا رہیں ،میں لاہور کا چھوٹا سا ایم پی اے ہوں میں بندے بھیج دیتا ہوں لیکن شرط یہ ہے کہ ریلی کرپشن کے خلاف نکالی جائے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم احتجاج کرتے

تھے تو آپ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے تھے ۔ جنہوں نے بھی اس ملک کا پیسہ لوٹا ہے اس کا احتساب ہو گا۔ جس ایک پاکستان کی بات کرتے تھے اس پر عمل کر رہے ہیں۔ابھی بہت سے کیسز ہیں جو آنے والے وقت میں بتائیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ان کے سیاسی تابوت میں بھی آخری کیل ٹھونک دیا جائے گا ۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ بات ن لیگ پر پوری اترتی ہے لوگ جمع ہو نہیں پا رہے تو رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام حکومت پر لگایا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی جیل میں قید ہے تو اس کیساتھ برتاؤ جیل قوانین کے مطابق ہونا چاہئیے۔لاہور میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر نے آج کرپشن بچاؤ مہم میلہ لگانے کی بھرپور کوشش کی لیکن پنجاب کی عوام نے ان کے بیانیے کو رد کرتے ہوئے یوم پناہ کا نام دیا۔ تاجر برادری نے ان کی کال کو مسترد کیا، لاہور کی تمام مارکیٹیں کھلی ہیں۔ بندے اکٹھے نہ ہونے پر پریس کانفرنس میں بڑھکیں مار رہے ہیں۔ یہ اپنی کرپشن کی فائلوں کے نیچے خود ہی دفن ہو چکے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اپوزیشن دورہ امریکا کی کامیابی پر یوم سیاہ منانا چاہتی ہے؟ انھیں اس وقت یوم سیاہ اس وقت منانا چاہیے تھا، جب ان کے لیڈر نے مودی کو رائے ونڈ بلایا تھا۔ ہمیں اپنے لیڈر کی ایمانداری پر فخر ہے۔ اگر ملک کی مخالفت کریں گے تو منہ توڑ جواب دیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی قانون سے بڑا نہیں ہے، اگر کوئی جیل کے اندر ہے تو اس کیساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہونا چاہیے، جس نے آئین توڑا اس کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ بدلا ہوا پاکستان ہے، ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے، آج یہ چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر رہے ہیں۔ تمام تاجروں نے کہا کسی ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔