Monday January 20, 2025

جیتنے والے آزاد ارکان اسمبلی میری جیب میں ہیں فاٹا الیکشن ختم ہوتے ہی وہ دعویٰ کر دیا گیا جس سے ہر کوئی ڈر رہا تھا

پشاور (آئی این پی )وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کچھ نو منتخب آزاد ارکان اسمبلی میری جیب میں ہیں،جو جلد باہر نکلیں گے۔پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں انتخابات تاریخ ساز ہیں۔انہوں نے دعوٰی کیا کہ صوبائی حکومت نے انتخابات میں مداخلت نہیں کی،ہم مداخلت کرتے تو نتائج کچھ اور ہوتے۔محمود خان نے مزید کہا کہ نو منتخب ارکان اسمبلی میں سے 2 کو وزیر بنا کر کابینہ میں شامل کیا جائے گا،

میری جیب میں کچھ نو منتخب آزاد ایم پی ایز ہیں جو جلد ہی باہر نکلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں پی ٹی آئی نے حاصل کیں، ہمارے کچھ لوگ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ 20جولائی تاریخ ساز دن تھا، جو لوگ انضمام کے خلاف تھے ان کو پیغام مل گیا کہ قبائلی اضلاع کے لوگ صوبے کے ساتھ خوش ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتخابات انضمام کے مخالفین کے منہ پر تھپڑ ہے، آزاد امیدواروں کو مبارک باد اور پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔محمود خان نے کہا کہ میں میڈیا پر پابندی کے خلاف ہوں،میری حکومت نے میڈیا پر کبھی قدغن نہیں لگائی،یہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

FOLLOW US