Monday January 20, 2025

وزیر اعظم کا دورہ لاہور صوبائی وزراء پر بھاری پڑ گیا , صمصام بخاری سمیت کئی اہم صوبائی وزراء کو عہدوں سے ہٹادیا گیا

لاہور : گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور آمد پر مصروف ترین دن گزارا۔امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عمران خان کے دورہ کے بعد پنجاب کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا کیونکہ عمران خان کو وزراء کی کارگردگی کی رپورٹ بھی پیش کی جانی تھی۔

اور اب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کے محکموں میں ردوبدل کر دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا محکمہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔صمصام بخاری کو محکمہ مال کا شعبہ کنسولیڈیشن دے دیا گیا۔صنعت کے وزیر میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کی اضافی زمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن کے وزیر یاسر ہمایوں سے سیاحت کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے۔ یوتھ افئیرز اور سپورٹس کے وزیر محمد تیمور خان کو سیاحت کا محکمہ دے دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کو سوشل وئیلفئیر اور بیت المال کے محکمے بھی دے دئیے گئے۔خیال رہے گذشتہ روزوزیر اعظم عمران خان لاہور پہنچنے کے بعد سیدھا ایوان وزیر اعلیٰ گئے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کرنے کے بعد لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے بھی ملاقات کی۔

جس میں رواں مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظات پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد ملک میں صنعتوں پر گفتگو کی۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران کان نے ایوان وزیر اعلیٰ میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کابینہ کے اراکین نے اپنی اپنی وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کیں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد وزیر اعظم 8 کلب روڈ گئے جہاں انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ون آن ون ملاقات کرنے کے علاوہ پنجاب کے ترجمانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم نے پنجاب حکومتی ترجمانوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپوزیشن کے پراپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو ٹاسک دیاکہ وہ حکومتی کارکردگی کو عوامی حلقوں میں نمایاں کریں اور حکومت کی ساکھ بہتر بنانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں اور کردار ادا کریں۔ لاہور میں قیام کے دوران وزیر اعظم نے مختلف وفود سے بھی ملاقات کی اور اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

FOLLOW US