Wednesday January 22, 2025

ڈاکٹرعافیہ کی والدہ کا وزیراعظم عمران خان کے نام کھلا خط، ایسی بات کہہ دی کہ آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی

کراچی (نیوزڈیسک) ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک کھلے خط کے ذریعے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ حالیہ دورہ امریکہ میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو بھی اپنے ایجنڈہ میں شامل کریں۔ عمران خان کے نام کھلے خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ میرے پیارے بیٹے عمران خان، اللہ کے فضل اور میرے جیسی مظلوم

ماؤں کی دعاؤں سے آپ وزیر اعظم پاکستان بن گئے ہو،مجھے آپ کو یہ یاد دلانے کی ضرورت نہیں ہے کہ میں کس طرح تکلیف اور کرب میں مبتلا ہوں؟ کیونکہ پاکستان کی مظلوم قیدی بیٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو آپ بھی میری طرح یقینا سمجھتے ہیں،انتہائی رنجیدہ دل مگر نئی امیدوں کے ساتھ میں آپ سے اپنی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو بچانے میں مدد کرنے کی درخواست کرتی ہوں، جس کا نام اب پاکستان کی عزت اور وقار کے مترادف بن چکا ہے۔آپ کا دورہ امریکہ اور صدر ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات میرے اور تمام پاکستانیوں کیلئے امید کی ایک نئی کرن بن چکی ہے،مجھے پوری امید ہے کہ آپ نہ صرف اپنی بہن عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کریں گے بلکہ اس معاملہ کوحل کریں گے جو کہ صرف ایک حقیقی لیڈر ہی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے، کیا مجھے آپ سے فون پر ہونے والی بات چیت کو یاد دلانے کی ضرورت ہے؟ آپ میرے لئے اس تاریک دور میں امید کی ایک کرن ہو، مجھے یقین ہے کہ آپ مجھ سے اتفاق کرو گے کہ عافیہ کو واپس وطن لانا صرف کسی فرد واحد کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ہر پاکستانی کی اہمیت کو ظاہر کرنے کا اہم

ترین مسئلہ ہے جوکہ دنیا پر یہ ثابت کرے گا کہ اب ہم بیٹی بیچنے والے لوگ نہیں ہیں ، اب یہاں دنیا کو دکھانے کے لئے عمران خان موجود ہے کہ پاکستانی ایک پروقار اوربا اصول قوم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد کو بچانے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کرے گا کیونکہ وہ ان کا اپنا ہے، امریکہ دوبارہ ریمنڈ ڈیوس جیسے قاتلوں کو واپس لے جائے گا،کیا ہمیں اپنی معصوم بیٹی کے لئے کھڑے نہیں ہونا چاہئے؟ عافیہ نے کسی کو قتل نہیں کیا، وہ محبت اور امن کی داعی ہے، اور آپ کو ایک ہیرو کا درجہ دیتی ہے،میں آپ سب سے پوچھتی ہوں کہ کیا ایک مردہ ماں کو اپنی بیٹی کو گلے لگانے کی اجازت دو گے اور کیا بچوں کواپنی ماں کے جسدخاکی سے ملاؤ گے؟ میں کمزورہوتی جارہی ہوں اورمیری صحت روبہ زوال ہے جیسے کہ دن سالوں میں سما جاتے ہیں،مگر مجھے اللہ اور اس کی کتاب قرآن مجیدپر امید ہے کہ آپ جیسا ہی کوئی نجات دہندہ آئے گا، میں دعا گو ہوں کہ اللہ آپ کو یہ مسئلہ حل کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔ خدارا ! میری بیٹی کو واپس لے کر آئیں ، ایک موت سے ہمکنار ہوتی ماں آپ سے درخواست کررہی ہے،ایک جراتمندانہ اقدام اٹھانے کیلئے اپنے دل میں ہمت پیدا کرو۔ ان شاء اللہ آپ کے ذریعے اللہ پاکستان کو کامیاب اورقوم کے وقار میں اضافہ کرے گا،میری دعا ہے کہ اللہ آپ کی رہنمائی فرمائے۔

FOLLOW US