لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے جیل انتظامیہ کی جانب سے میاں نوازشریف کےلئے گھر کا کھانا بند کرنے پر بھوک ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز کا کہناتھا کہ جعلی حکومت نے نواز شریف صاحب کے گھر کے کھانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھانا لے جانے والا اسٹاف پچھلے پانچ گھنٹے سے جیل کے باہر کھڑا ہے جبکہ میاں صاحب نے جیل کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے اگلے 24 گھنٹے میں یہ پابندی واپس نا لی تو میں عدالت سے رجوع کروں گی اور اگر وہاں سے بھی مدد نا ملی تو میں کوٹ لکھپت جیل کے باہر جا کر بیٹھوں گی، بھوک ہڑتال بھی کرنا پڑی تو کروں گی۔
