Tuesday January 21, 2025

پاکستانیوں کے دلوں میں بسنے والی پاکستان کی بڑی شخصیت انتقال کر گئیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستانیوں کے دلوں میں بسنے والی پاکستان کی بڑی شخصیت انتقال کر گئیں ۔۔۔دل دل پاکستان کے خالق نثار ناسک انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق نثار ناسک کافی عرصہ سے علیل تھے، وہ اپنےآخری ایام میں حکومتی بے اعتنائی کے باعث مالی مشکلات کا بھی شکار رہے۔ 1943ء میں پیدا ہونے والے نثار ناسک کی نمازجنازہ آج دن 11 بجے راولپنڈی کے رتہ امرال قبرستان میں ادا کی جائے گی ۔

نثارناسک مرحوم کی وجہ شہرت ملی نغمہ “دل دل پاکستان” بنا جو موسیقار گروپ “ وائٹل سائن” نے گایا تھا۔پاکستان ٹیلیویژن نے اردو ادب میں خدمات کے اعتراف میں انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔ نثار ناسک اردو اور پنجابی زبان میں شاعری کرتے تھے۔ ان کی دو کتابیں “چھوٹی سمت کا مسافر”اور “دل دل پاکستان” شائع ہوئیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کا معروف ترین ملی نغمہ دل دل پاکستان دنیا بھر میں مشہور ہوا۔ لیکن اس نغمے کے خالق و شاعر کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے ۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک رتہ میں علالت کے دن گزارتے نثار ناسک اس سدا بہار نغمے کے خالق ہیں ۔نثار ناسک کی بینائی کے ساتھ ساتھ یادداشت بھی جا رہی لیکن اپنا لکھا ہوا یہ عالمی شہرت یافتہ ملی نغمہ نثار ناسک کو اب بھی یاد تھا۔گذشتہ برس نثار ناسک کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے ان کی حالت کو دیکھ کر شدید دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ دل دل پاکستان ایک ایسا نغمہ ہے جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کی پہچان بنا ہے۔ اس نغمے کو گا کر کئی گلوکاروں نے شہرت حاصل کی لیکن اس عالمی شہرت یافتہ نغمے کے خالق اور شاعر کو بھُلا دیا گیا۔ نثار ناسک کے انتقال پر کئی شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا اور حکموتی بے اعتنائی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

FOLLOW US