Wednesday January 22, 2025

پاک بھارت وزراء اعظم کی جلد ملاقات کا امکان

لاہور(نیوزڈیسک) پاک بھارت وزراء اعظم کی جلد ملاقات کاامکان ہے،بھارتی وزیراعظم نے کرتار پورراہداری کی تقریب میں شرکت کیلئے رضا مندی ظاہرکردی، وزیراعظم عمران خان خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ سطح کا سفارتی رابطہ ہوا ہے۔ پاک بھارت وزراء اعظم کی جلد

ملاقات کاامکان ہے۔ بابا گرونانک کی سالگرہ پر مودی کرتار پور کا دورہ کریں گے۔ کرتار پور راہداری کی تقریب میں پا ک بھارت وزراء اعظم شریک ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ مزید برآں سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے 11 سے 14 جولائی 2019 تک لاہور کے واہگہ بارڈر پر مذاکرات کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے ابھی تک اس تجویز کے جواب میں کوئی تاریخ حتمی نہیں کی گئی ہے۔ بھارت نے 2 اپریل کو واہگہ بارڈر پر طے شدہ میٹنگ میں اس وجہ سے انکارکردیا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کرتارپور کے حوالے بنائی گئی کمیٹی میں شامل بعض سکھ رہنما جن میں گوپال سنگھ چاولہ قابل ذکر ہیں وہ خالصتان تحریک کے حامی سمجھے جاتے ہیں،دونوں ممالک کے ٹیکنیکل ماہرین کے مابین کرتارپور بارڈرپر متعدد میٹنگز ہوچکی ہیں تاہم اب جولائی میں ہونے والی یہ متوقع ملاقات دونوں ملکوں کے آفیشل حکام کی دوسری بیٹھک ہوگی۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے کرتار پور راہداری کی تعمیرکیلئے خریدی گئی اراضی کی ادائیگیوں اور ملکیت کے حوالے سے رہنمائی کیلئے

وفاقی حکومت کوخط ارسال کر دیا ۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے وفاقی حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کرتار پور راہداری کی تعمیر کے لئے خریدی گئی اراضی کی ادائیگیوں کے لئے وزیر اعظم آفس سے تاحال پالیسی واضح نہیں ہوئی۔ خط میں ادائیگیاں حکومت پنجاب یا وفاقی حکومت کرے گی اس بارے سوال اٹھایا گیا ہے ۔ کرتار پور راہداری میں اراضی کے مالکان کو ادائیگیاں نہ ہونے پر فنڈز کا معاملہ سامنے آیا ۔خط میں ادائیگیاں نہ ہونے پر متاثرین کے احتجاج اور تعمیر میں ممکنہ رکاوٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کر دیا گیا ۔خط میں اراضی کی متروکہ وقف املاک بورڈ کے نام منتقلی کے حوالے سے بھی رہنمائی طلب کی گئی ہے ۔

FOLLOW US