پشاور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی بغیر ڈگری کے ڈاکٹر بن گئے، سر عام شہریوں کو انجکشن لگانا شرو ع کردیئے۔پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کی شہریوں کوسر عام بغیر کسی حفاظتی تدابیر کے انجکشن لگانے کی ویڈیو منظر عام پرآئی جس میں وہ ایک عام شہری کو ٹیکہ لگارہے تھے۔ویڈیو میں دیکھاگیا کہ انجکشن لگاتے
ہوئے ایم پی اے فضل الہی کا ہاتھ قدرے لرز بھی جاتا ہے اور وہ متاثرہ شخص سے پوچھتے ہیں کہ درد تو نہیں ہورہا، اس دوران ایم پی اے فضل الٰہی یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر کوئی اور ہو تو اسے بھی ٹیکہ لگا لوں۔دوسری جانب ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ایم پی اے فضل الہی کے ٹیکے لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکے لگانا نان کوالیفائیڈ لوگوں کا کام نہیں۔ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایم پی اے نے حد سے تجاوز کیا ہے، جبکہ اس دوران وہاں موجود ریسکیو اہلکاروں اور میڈیکل کے عملے نے بھی فضل الٰہی کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔