اسلام آباد: چین کے نائب صدر وانگ کشان 26 سے 28 مئی تک پاکستان کے 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے نائب صدر کا استقبال کیا۔ چینی نائب صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر کے دورے کے دوران متعدد معاہدوں اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق معزز مہمان اپنی پاکستان آمد کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گےچینی نائب صدر کے دورہ سے پاکستان اورچین کے درمیان سدابہاراورآزمودہ دوستی کی اہمیت اجاگرہوتی ہے ۔ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔واضح رہے رواں سال اپریل میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان 6 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔وزیر اعظم کے دورہ چین کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک چین وزرائے اعظم کی موجودگی میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے جب کہ آزادانہ تجارت میں معاہدوں کے دوسرے مرحلے کی منظوری بھی دی گئی۔پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے پہلے فیز کے ڈیزائن اور حویلیاں میں سی پیک کے تحت ڈرائی پورٹ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ملاقاتوں میں سمندری سائنس میں تعاون بڑھانے کے ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے۔اسی طرح گزشتہ برس نومبر میں وزیراعظم عمران خان کے پہلے دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین نے 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر
دستخط کیے تھے۔معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور انکے چینی ہم منصب بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کیے۔تقریب میں دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔