اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردو س عاشق اعوان نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران اپنا موقف پیش کرنے کیلئے برابر کا وقت نہ دینے پر ناراض ہو گئیں اور پروگرام سے اٹھ کر چلیں گئیں جبکہ میزبان کامران شاہد انہیں مسلسل روکنے کی کوشش کر تے رہے ۔تفصیلات کے مطابق ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن نے آئی ایم ایف کے پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جو آئی ایم ایف نے رپورٹ لکھی ہے کہ پاکستان کی معیشت 2.27 کی رفتار سے ترقی کرے گی اور جب معیشت اتنی آہستہ ہو جائے گی تو نوکریاں کہاں سے نکلیں گی ،
اگر نوکری نہیں ہو گی تو بہت عرصہ تک لوگ بے روزگار رہتے ہیں جس کے بعد وہ غربت کی لکیر سے نیچے چلے جاتے ہیں ۔ڈاکٹر اشفاق کا کہناتھا کہ یہ پروگرام مصر میں دیا گیا اور جب یہ پروگرام شروع نومبر 2016 میں شروع ہوا تو وہاں صرف 35 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے تھے لیکن اور آج مارچ 2019 میں وہاں 55 فیصد سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ، اس کا مطلب ہے کہ غربت تیزی سے بڑھی ہے کیونکہ اس پرگرام کا ڈیزائن ہی ایسا ہے جس میں معیشت کا سانس لینا مشکل ہوجاتاہے ، ہماری آبادی بھی اتنی ہی رفتار سے بڑھ رہی ہے جتنی سے معیشت تو پھر ہماری آمدنی تو صفر ہو گئی ۔ڈاکٹر اشفاق حسین معیشت پر اپنی تجزیہ پیش کر رہے تھے کہ فردوس عاشق اعوان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور انہوں نے میزبان کامران شاہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آج ڈاکٹر صاحب کے ساتھ خصوصی پروگرام کریں ، باقی مہمانوں سے معافی مانگیں کہ وہ کوئی اور کام کریں ، میرا موقف بھی آپ دیں گے ، مجھے کافی دیر ہو گئی ہے بیٹھے ہوئے ، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ ایک جانب کا موقف لے کر پروگرام کریں ۔ پروگرام کے میز بان کامران شاہد انہیں مسلسل روکنے کی کوشش کرتے رہیں اور کہا کہ آپ اپنا موقف دیدیں لیکن فردوس عاشق اعوان نے ایک نہ سنی اور مائیک نکال کر پروگرام سے چلی گئیں ۔