Wednesday November 27, 2024

سی ایس ایس کا امتحان اب اُردو میں بھی دیا جا سکے گا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) : سینٹرل سپیرئیر سروسز (سی ایس ایس) کا امتحان اب اُردو زبان میں بھی دیا جاسکے گا۔ اس کے لیے آج ایوان بالا ( سینیٹ ) میں قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل سپیرئیر سروسز (سی ایس ایس) کا امتحان انگریزی زبان کے بجائے اُردو زبان میں لیے جانے کی قرارداد سینیٹر سراج الحق نے آج ایوان میں پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اعلٰی ترین مرکزی ملازمتوں کا امتحان انگریزی کے بجائے اُردو میں لیا جائے۔ جس پر حکومت کی جانب سے اس قرارداد کی مخالفت کی گئی ۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سی ایس ایس میں 45 اختیاری اور6 لازمی مضامین ہیں، یونیورسٹیوں میں لازمی مضامین انگریزی میں پڑھائی جاتے ہیں۔ سی ایس ایس کےامتحان میں زبان کا انتخاب اختیاری ہونا چاہئیے۔ جس پر سینیٹر سراج الحق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کی رپورٹ کے مطابق 5 فیصد اُمیدوار لازمی مضامین پاس کرتے ہیں۔ آئین ایک مقدس دستاویز ہے ۔ آئین کے مطابق 15 سال بعد اردو زبان کو رائج کرنا ہے۔اب 70 برس گزر چکے ہیں لیکن اُردو کو سرکاری مقاصد کے لیے رائج نہیں کیا جاسکا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمارے بچے 5 زبانیں سیکھتے ہیں۔ چین ، جاپان اور دیگر ترقی یافتہ ممالک نے قومی زبان کی وجہ سے ترقی کی ہے۔ ہم آزاد اور خومختار قوم ہیں، اُردو زبان ایک سمندر ہے جس میں بہت سی زبانوں کے الفاظ ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اُردو زبان میں مقابلے کا

امتحان کروا کر ہم ترقی کرسکتے ہیں۔ جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ قرداد میں اُردو کو اختیاری کردیتے ہیں۔ سی ایس ایس امتحان میں انگریزی کے ساتھ اُردو کے آپشن کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔ ترمیمی قرارداد کے مطابق سی ایس ایس کا امتحان انگریزی کے ساتھ اُردو میں بھی لیا جا سکتا ہے۔

FOLLOW US