لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمة اللہ علیہ کے مشہور قول کی نفی کردی ، اپنی آب بیتی میں لکھتے ہیں کہ کشمیر پاکستان یا بھارت کا حصہ ہونے سے قبل وہاں کے رہائشی کشمیریوں کا ہے۔39سالہ شاہد آفریدی نے حال ہی میں معروف صحافی وجاہت سعید خان کے ساتھ لکھی گئی اپنی آپ بیتی ”گیم چینجر“ میں وزیر اعظم عمران خان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے لیے کچھ زیادہ کرنے کی کوشش کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ کشمیریوں کا ہے،یہ بحث بعد میں آتی ہے کہ اس خطے پر کس ملک کا حق ہے اور کشمیر سب سے پہلے کشمیروں کا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو ایک قدم بڑھانے پر دو قدم بڑھانے کے پیغام کا ذکر کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کشمیریوں کے لیے مزید کرنا چاہیئے،ہمیں اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا ،ہمیں کشمیروں کو بچانا ہے اور انہیں امن کے عمل کا حصہ بنانا ہے،برصغیر میں کسی نے کشمیروں سے زیادہ مصیبتوں کا سامنا نہیں کیا ہے۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھاکہ کشمیر کو اپنا حصہ بنانے کے لیے دونوں ممالک نے بے تحاشہ پیسہ خرچ کیا ہے ،اگر بھارت اور پاکستان کشمیروں کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کاحل نکال لیتے ہیں تو لائن آف کنٹرول کی حفاظت پر ہم جتنی رقم خرچ کررہے ہیں اس سے لاکھوں کروڑوں افراد کو کھانا فراہم کیا جاسکتا ہے اور انہیں تعلیم فراہم کی جاسکتی ہے۔یاد رہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے پیغامات میں بارہا یہ کہا تھا کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورکوئی قوم اپنی شہ رگ دشمن کے ہاتھ میں نہیں دے سکتی “۔