Wednesday January 22, 2025

چودھری برادران کو نیب نے بہت بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور ( آن لائن )لاہور کی احتساب عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور دیگر 2 ملزمان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت میں جج جواد الحسن نے چوہدری برادران کے خلاف نیب انکوائری بند کرنے کی نیب کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے انکوائری سے متعلق تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔احتساب کے ادارے کی جانب سے عدالت میں

پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین پر 28 پلاٹس کی غیر قانونی خریداری پر انکوائری شروع کی گئی۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوہدری برادران کے خلاف اس انکوائری میں کوئی ٹھوس ثبوت و شواہد نہیں ملے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ پلاٹس کی خریداری ملازم نے کی، چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر چوہدری برادران کے خلاف نیب انکوائری بند کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے نیب کی درخواست منظور کرلی گئی۔عدالت کی جانب سے جن افراد کے خلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی، اس میں چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری محمد نواز اور محمد اقبال شامل ہیں۔واضح رہے کہ ڈپٹی چیئرمین نیب میجر جنرل (ر) عثمان نے جون 2000 میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی، محمد اقبال اور محمد نواز کے خلاف انکوائری کی منظوری دی تھی۔

FOLLOW US