اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان کو 15 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان، وزیراعظم کی دورہ چین کے دوران سائڈ لائن پر اہم اور کامیاب ملاقاتیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے قرض کی فراہمی کیلئے عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو 15 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران سائڈ لائنز پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے وفود سے اہم ترین اور کامیاب ملاقاتیں کی ہیں۔ملاقاتوں میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ ، مشیر
تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقاتوں کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام نے پاکستان کو قرض کی فراہمی کیلئے رضامندی کا عندیہ دیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان دونوں ذرائع سے کل 15 ارب ڈالرز کا پیکج حاصل کر سکتا ہے۔اس حوالے سے ممکنہ طور پر ایک ماہ کے اندر معاملات طے ہو سکتے ہیں۔ جبکہ آئی ایم ایف کا وفد رواں ماہ کی 29 تاریخ کو معاملات طے کرنے کیلئے پاکستان آ رہا ہے۔ دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں وزارت خزانہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالرز سے زائد کا قرضہ نہیں لیا جائے گا۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ نے وزارت خزانہ کو جلد سے جلد پیپر ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کو ایک سے دو ماہ میں آئی ایم ایف سے قرض مل جائے گا۔