اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان مورخہ 25 اپریل سے چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور دنیا کے سات دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیراعظم 25 اپریل کی دوپہر خصوصی طیارے پر اسلام آباد سے وفد کے ہمراہ بیجنگ کیلئے روانہ ہوں گے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر
ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار بھی ہمراہ ہوں گے۔وزیر بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر توانائی عمر ایوب اور زلفی بخاری بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جاپان سے چین پہنچیں گے۔ پاکستان سفیر مسعود خالد بھی موجود ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان بیجنگ میں چین ورلڈ ہوٹل میں قیام کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان 26 اپریل بروز جمعہ کی صبح بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ چین نیشنل کنونشن سنٹر پہنچنے پر چینی صدر خود وزیراعظم پاکستان عمران خان کا استقبال کریں گے۔بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے میزبان چین کے صدر شی چن پنگ کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ فورم کے دوسرے سیشن سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔ ان کا فورم سے خطاب دوپہر ایک بجے ہوگا۔دورے کے دوران وزیراعظم دنیا کے سات دیگر ممالک کے رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ مصر، ازبکستان، روس، ایتھوپیا، سوئٹزرلینڈ، بیلاروس اور انڈونیشیا کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی۔وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظہرانہ دے گے۔
چھبیس اپریل کو چینی صدر گریٹ عوامی ہال چین میں وزیراعظم اور دیگر سربراہان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ قیام کے لئے چائنا ورلڈ ہوٹل میں رات قیام کریں گے۔ ستائیس اپریل کو وزیراعظم عمران خان انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر جائیں گے جہاں چینی صدر ان کے میزبان ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوسرے روز تین سیشن ہوں گے۔ دوسرے روز عشائیے میں چینی صدر کی نمائندگی نائب چینی صدر کریں گے۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں ہونگی۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان بزنس فورم کے ظہرانے میں شرکت کریں گے اور پاکستان پویلین کا دورہ بھی کریں گے۔اتوار کو وزیراعظم دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ رات کے کھانے میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان بیچنگ انٹرنینشل ہارٹیکلچر ایکسپورل 2019ء میں شریک ہوںگے۔وزیراعظم عمران خان چائنا پویلین کا دورہ کریں گے اور یادگاری پودا بھی لگائیں گے۔ وزیراعظم 28 اپریل اتوار کی رات ساڑھے گیارہ بجے بیجنگ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے اور 29 اپریل کی صبح وطن واپس پہنچیں گے۔