نیویارک: امریکی کامیڈین جیریمی میک لیلن نے اسد عمرکی جانب سے وزارت خزانہ سے مستعفیٰ ہونے کے بعد خود یہ قلمدان سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبر نے سیاسی حلقوں سمیت پاکستانی عوام کو بھی ششدر کردیا تھا، جب کہ وزیر خزانہ کے مستعفی ہونے کی خبر جہاں
پاکستانی میڈیا پر زیرگردش رہی وہیں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی، یہاں تک کہ اسد عمر کا نام ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ میں رہا۔ ٹوئٹر پر جہاں لوگوں نے اسد عمر کے استعفی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا، وہیں نامور امریکی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار جیریمی میک لیلن نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا،’ یہ سن کر افسوس ہوا کہ اسد عمر نے وزیر خزانہ کے قلمدان سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا، لیکن میں ان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالنے کی پوری کوشش کروں گا۔’ جیریمی نے اس ٹوئٹ کے ذریعے پاکستان کی وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کی خواہش کا اظہارکیا ہے اب وہ مذاق کررہے تھے یا سنجیدہ تھے یہ تووہی جانتے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا آپ وزیر خزانہ تو نہیں وزیر مذاق بن سکتے ہیں، اور اس کے لیے ایک نئی وزارت متعارف کرانی پڑے گی۔