Thursday January 23, 2025

ڈیم فنڈز کے دس کروڑ روپے کہاں چلے گئے تحریک انصاف پر ایک ایسا سوالیہ نشان لگ گیا کہ ہر کوئی حیران

کراچی (آئی این پی ) سندھ حکومت کے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی ہے ،فیصل واوڈا کا ایک بیان ٹی وی پر نشر ہوا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ڈیم فنڈ میں براہ راست رقم جمع کروائیں۔ کسی کو کیش رقم نہ دیں، عمران خان نے کراچی میں 76 کروڑ روپے ڈیم فنڈ کے لئے جمع کیے۔گورنر سندھ نے جب یہ رقم سابق چیف جسٹس کو دی تو انکشاف ہوا کہ رقم 66 کروڑ ہو گئی۔ سوال بنتا ہے کہ دس کروڑ کی رقم کہاں گئی؟۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ ڈیم فنڈ کے نام پر ہیرا پھیری ہو رہی ہے،قوم کی امانت میں خیانت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر مالیاتی الزامات لگائے ہیں تحریک انصا ف پر ،تحریک انصاف کی قیادت اکبر ایس بابر کے سوالات ک جواب کب دے گی؟۔مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی رابطہ مہم سے وفاقی حکومت پریشان ہے۔ایک نئی مہم آٹھارہویں ترمیم کے خلاف چلائی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم والےجب ہمارے اتحادی تھے تب وہ اس ترمیم کے حامی تھے،اب جب وہ کسی اور کے اتحادی ہیں تو وہ اس ترمیم کو دھوکہ کہہ رہے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا میرا اپوزیشن سے سوال ہے اٹھارویں ترمیم میں کیا خرابی ہے؟ آئین کے آرٹیکل 149 کو استعمال کرنے کا مشورہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 147 ،136 اور 105 کو بھی پڑھ لیں۔وزیر اعظم وزیر اعلی سندھ سے مشورہ کرنے کے پابند ہیں۔ایم کیو ایم 40 سال سے کراچی کا مقدمہ لڑ رہی ہےاگر آپ کراچی سے مخلص ہیں تو این ایف سی کے 120 ارب روپے دلوانے کی بات کریں،کراچی کے عوام تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کا تعلق نہ جمہور سے ہے نہ جمہوریت سے ہے۔ جس شخص نے ماضی میں جمہوریت کے خلاف سازش کی وہ پارلیمانی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ مودی سے متعلق بیان پر وزیراعظم کا یوٹرن لینا بنتا ہے ۔ اگر وہ اس پر یوٹرن لے لیں تو بہت اچھی بات ہوگی۔

FOLLOW US