کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ فوزیہ صدیقی نے اپنی بہن کے رہا نہ ہونے پر شدید مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر بار عافیہ صدیقی کی رہائی کی امید آتی اور پھر چلی جاتی ہے۔ صرف عافیہ ہی کیوں۔ 16مارچ کو عافیہ صدیقی وطن واپس کیوں نہیں آئی۔ یہ بات عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے اغواء کے 16 سال مکمل ہونے کے موقع پر اسلام آباد پریس کلب پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ 16سال شعبدہ بازی، جعلسازی اور فریب میں گذر گئے مگر مجھے وہ روز اول کی طرح آج بھی یاد ہے۔ہر روز میں اپنے رب سے ایک سوال کرتی ہوں کہ آخر میں ہی کیوں عافیہ ہی کیوں ہم ہی کیوں میں توبہ کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں، صرف اس بات کو سمجھنے کے لئے کہ انسان خواہش کرسکتا ہے لیکن اختیار خدا کوہوتا ہے۔ڈاکٹر فوزیہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ جب عافیہ کی وطن واپسی یقینی نظر آتی ہے مگر وہ واپس نہیں آپاتی ہے جیسا کہ 16 مارچ کو ہوا۔