Wednesday November 27, 2024

وزیراعظم نے 12 سال پرانے منصوبے کا دوبارہ افتتاح کردیا، بڑا دعویٰ سامنے آگیا

کراچی (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے باغ ابن قاسم بحالی منصوبے کا افتتاح کیا اور کہا ہے کہ وقت کیساتھ ساتھ کراچی میں گراؤنڈز اور پارکس کم ہوتے گئے، انہوں نے کہا باغ ابن قاسم کو دیکھ کر حیران ہوگیا ہوں، بچوں کیلئے گراؤنڈز کراچی میں ہونی چایئے لیکن اب کراچی کے سابق ناظم اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفی کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نے 12سال پرانے اس منصوبے پر اپنے نام کی تختی لگالی ہے جس کا افتتاح سابق فوجی صدر

پرویزمشرف نے ان کے دورمیں کیاتھا۔ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمرا ن خان نے کہا کہ کراچی میں ہریالی کم ہونے سے موسم میں تبدیلی آئی، آنیوالی نسلوں کیلئے پارکس سمیت بہترین ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں،آئندہ 5 سالوں میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، شہروں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بلند عمارتوں کی اجازت دے رہے ہیں، سندھ میں شجرکاری مہم کی بہت ضرورت ہے، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔وزیراعظم کے اس اقدام کے بعد مصطفی کمال نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباداور سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے ہمراہ افتتاح کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ”کراچی سے قومی اسمبلی کی 14نشستیں ملیں لیکن کیا کراچی اسی کا حقدار ہے؟ کچھ نیا دینے کی بجائے وزیراعظم عمران خان نے باغ ابن قاسم کا دوبارہ افتتاح کردیا جو میرے میئرکے دورمیں 2007ءمیں بنایااور افتتاح کیاگیا تھا، اس پر 600کروڑ روپے لاگت آئی تھی‘‘ ۔

FOLLOW US