اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی اے نے پرانے موبائلوں کی خرید و فروخت پر ٹیکس لگا دیا، تاجروں کوکیا احکامات دیدیے گئے ؟ جانیں ۔۔۔ پاکستان ٹیلی کمیونیشن اتھارٹی نے پرانے موبائل فون بیچنے والے تاجروں کو پابند کر دیا ہے کہ انہیں کوئی بھی موبائل فون بیچنے سے پہلے پی ٹی اے کو اس پر ٹیکس ادا کر کے ٹیکس کی اپرول حاصل کرنا ہو گی۔ حکومت نے
پرانے موبائل فونز کی فروخت کو بھی ٹیکس ادائیگی سے مشروط کر دیا ہے۔ اب عوام کو پرانے فون خریدنے یا بیچنے پر بھی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ عوام اور تاجران نے اس حکم کو غیرمناسب قرار دیتے ہوئے اس پر احتجاج کیا ہے، انکا کہنا ہے کہ پرانا فون وہی لوگ خریدتے ہیں جو زیادہ پیسے دے کر نیا فون نہیں خرید سکتے لیکن اب اگر پرانے فون پر بھی ٹیکس ادا کرنا پڑا تو یہ فون بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو جائیں گے۔ تاجروں نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے، کراچی الیکٹرانک ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ اگران کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید شہروں تک بڑھا دیا جائے گا اور اگر انہیں پارلیمنٹ تک بھی جانا پڑا تو وہ جائیں گے اور اس فیصلے کے خلاف پر امن احتجاج کریں گے۔اس سے پہلے موجودہ حکومت نے نئے موبائلز پر ٹیکس لگا دیا تھا جس کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا تھا اب استعمال شدہ فونز پر ٹیکس لگنے کے بعد اس روزمرہ کی ضرورت کو عوام کی پہنچ سے مزید دور کر دیا گیا ہے۔ تاجران نے کہا ہے کہ جب تک یہ فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا تب تک احتجاج جاری رکھا جائے گا اور اس کا دائرہ مزید شہروں تک پھیلایا جائے گا۔